عام انتخابات میں ن لیگ کے ساتھ مل کر میدان میں اتریں گے: شافع حسین

09-25-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر میدان میں اتریں گے۔

اپنے ایک بیان میں چودھری شافع حسین نے کہا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لیگ اور ہم نے کمیٹیاں بنا دی ہیں،  ن لیگ کی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور سعد رفیق جبکہ ق لیگ کی طرف سے کمیٹی میں چودھری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ اور چودھری سرور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، لیکن امید ہے کہ اس بار سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کی جانب سے یہ بھی بیان آرہا ہے کہ شاید سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلیں، اگر ن لیگ والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں بھی کرتے تو ہم اوپن الیکشن کے لیے تیار ہیں، پنجاب میں ہم اپنے 15 سے 20 امیدوار انتخابی میدان میں اتاریں گے۔ رہنما مسلم لیگ ق  نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کا کہہ دیا ہے، اب الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت ہر ایک کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے، ہم تو الیکشن کی اسی طرح ہی تیاری کرتے رہیں گے، اور ہر حال میں الیکشن لڑیں گے۔ چودھری شافع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ٹرانسفر پوسٹنگ کے بھی پیسے لیے گئے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو لیگل کروانے کے پیسے لیے گئے۔