میٹرو بس ٹریک کی حالت زار حادثات کی بڑی وجہ قرار

09-24-2023

(لاہور نیوز) میٹرو بس کے ٹریک پر حادثات معمول بن گئے، میٹرو ٹریک کی حالت زار کو بس حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

میٹرو بس لاہور کی حالت زار ہوتی جارہی ہے شہر کا میگا پراجیکٹ حکومتی عدم توجہی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے، میٹرو سٹیشنز کے جنگلے، بیریئر، الیکٹریکل سامان کی ٹوٹ پھوٹ اور خراب  لائٹس کا بھی انکشاف ہوا ہے، حکومت کی جانب سے نجی کمپنی کو ٹھیکہ تو دے دیا گیا مگر مرمت اور بحالی کا کام شروع نہیں  ہوسکا۔ میٹرو بس کے ٹریک پر 88 سٹیشن لائٹس اور 44 کوریڈور پول جنکشن خراب ہیں، ٹریک اور ایڈ گریڈ پر لگے 39 سٹیشن فین، 9 ایل ٹی ڈسٹری بیوشن پینل، ایک ٹرانسفارمر بھی جل چکا ہے، ایڈ گریڈ کی 10 ارتھنگ پٹس، ڈیٹا کیبن میں 2 ایئر کنڈیشنرز بھی غیر فعال ہیں۔ میٹرو سٹیشن کی 67 جنکشن لائٹس اور سٹیشنز پر نصب  31 پنکھے بھی بند ہیں، میٹرو بس کی مرمت کے لئے 3 کروڑ 86 لاکھ 41 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا مگر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے رقم خرچ نہیں کی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق میٹرو ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، نجی کنٹریکٹر کمپنی کی جانب سے ایک ماہ میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔