چین کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کا معیار بہتر بنائیں گے، آئی جی پنجاب

09-24-2023

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دورہ چین کے دوران سینئر پولیس افسران کے ہمراہ  چین کے پروونشل ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سکیورٹی اجلاس میں شرکت کی جہاں چینی پولیس کے اعلی عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں پاکستان اور چین کے مابین پولیسنگ امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہوا۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا، سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد کار میں اضافے کیلئے باہمی تعاون کو بڑھایا جائے گا، چینی پولیس کے تعاون سے ایلیٹ فورس کو اپ گریڈ کرتے ہوئے جدید وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کرائم کنٹرول، جنرل پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے چینی پولیس تکنیکی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کرے گی، اجلاس میں سائبر سکیورٹی سے متعلقہ معاملات میں پنجاب پولیس کو تعاون و جدید وسائل فراہم کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔