مہنگائی کیا ہوئی لنڈا بازار میں بھی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

09-24-2023

(لاہور نیوز) بڑھتی مہنگائی میں استعمال شدہ کپڑے اور جوتے بھی مہنگے ہو گئے، لنڈا بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، مہنگائی کے اس دور میں سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنا بھی مشکل ہو گیا۔

مہنگائی کیا ہوئی لنڈے کے کپڑے اور جوتے بھی مہنگے ہوگئے، لنڈا بازار میں پہلے جو چیز 100 روپے میں مل جاتی تھی اب 400 روپے میں بھی دستیاب نہیں ہے،جوتے 400 سے 500 روپے میں مل جاتے تھے اب 1000 روپے سے نیچے کہیں بھی نہیں مل رہے۔ 200 روپے والا لوکل ٹراوئزر اب 500 روپے میں بھی نہیں مل رہا جبکہ 400 روپے تک  میں ملنے والی شرٹ بھی 800 روپے سے اوپر بیچی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر چیز کی قیمت  آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، اشیائے ضروریہ کی  قیمتوں میں دن بدن اضافے سے سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب لنڈا بازار کے دکان داروں کا کہنا ہے کہ مہنگی چیزیں خرید کر سستی کیسے بیچیں، مہنگائی کا ہمیں بھی احساس ہے مگر پیچھے سے سامان مہنگا ملے گا تو مہنگا ہی بیچیں گے۔