چین کی ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہر شعبے میں استفادہ کریں گے: وزیراعلیٰ محسن نقوی

09-24-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کی ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہر شعبے میں استفادہ کریں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دربار حضرت میاں میرؒ پر حاضری دی اور 400ویں عرس کی تقریبات کا آغاز کردیا، محسن نقوی نے مزار پر چادر پوشی کی اور لنگر خانے کا سنگ بنیاد رکھا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لائبریری و انٹرفیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مدینہ فاؤنڈیشن کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یہاں لنگر خانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چائنہ جا کر ان سے کوئی چیز نہیں مانگی، ہم نے چائنہ سے ٹیکنالوجی پر بات کی، چین کی ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہر شعبے میں استفادہ کریں گے، سموگ کے خاتمے کیلئے چینی ٹیم نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف ہمارا کریک ڈاؤن جاری ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں لیکن لوگ پھر بھی باز نہیں آرہے، آنکھوں والے معاملے پر شام کو میٹنگ رکھی ہوئی ہے، میٹنگ میں اس معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا۔