ایشین گیمز: سوئمنگ میں پاکستانی ایتھلٹس کا مایوس کن آغاز

09-24-2023

(ویب ڈیسک) ایشین گیمز سوئمنگ کے انفرادی فری سٹائل اور انفرادی میڈلے کی ہیٹس میں پاکستانی سوئمرز کی جانب سے مایوس کن آغاز دیکھنے میں آیا۔

ایشین گیمز سوئمنگ میں پاکستان کے امان صدیقی اور احمد درانی اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے،  مردوں کی 200 میٹر انفرادی میڈلے میں احمد علی درانی کی ٹائمنگ 2 منٹ 15.10 سیکنڈز رہی، احمد درانی نے نیا قومی ریکارڈ تو بنا دیا مگر اگلے راؤنڈ تک نہ آسکے۔ اس سے قبل 200 میٹر انفرادی میڈلے کا پاکستان کا ریکارڈ 2:16.26 تھا، احمد درانی کوالیفائی کرنیوالے آخری سوئمر سے 12 سیکنڈز پیچھے اور مجموعی طور پر 27 میں سے 19 ویں نمبر پر آئے۔ امان صدیقی 2 منٹ 18.65 سیکنڈز کے ساتھ 22 ویں نمبر پر رہے، 100 میٹر انفرادی فری سٹائل میں پاکستان کے احمد درانی ہیٹس میں 33 اورامان صدیقی 37 ویں پوزیشن پر رہے۔ دوسری جانب ایشین گیمز تائیکوانڈو میں  پاکستان کی نائلہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، نائلہ نے پہلے راؤنڈ میں سعودی عرب کی مدحت ابرار بخاری کو شکست دی تاہم  کوارٹر فائنل میں نائلہ کو جاپانی ایتھلیٹ نے ہرادیا۔ نائلہ کے 100.0 پوائنٹس کے مقابلے میں یوکو نیوا نے 104.6 پوائنٹس لیے۔ مینز تائیکوانڈو پومسے میں پاکستان کے اقدس قدیر کو پہلے راؤنڈ میں شکست  ہوگئی، اقدس کو نیپال کے ایتھلیٹ نے شکست دی۔