گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کے حجم میں اضافہ

09-24-2023

(ویب ڈیسک) گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں سالانہ بنیادوں پر1.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق اگست میں گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 209 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 1.7 فیصدزیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال اگست میں گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 206 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا،جولائی کے مقابلہ میں اگست میں گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں میں ماہانہ بنیادوں پر0.8 فیصدکی کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کاحجم 211 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو اگست میں کم ہوکر209 ارب روپے ہوگیا۔ واضح رہے کہ اگست میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوفراہم کردہ قرضہ جات کا مجموعی حجم 7960 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 1.1 فیصد کم ہے۔