گورنر پنجاب سے جاپانی سفیر کی ملاقات، تجارت و سیاحت میں تعاون پر تبادلہ خیال

09-24-2023

(ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے جاپانی سفیر نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اسپننگ ملز جاپانی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہیں، جاپان میں مقیم پاکستانی اس کی معیشت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپانی آٹو موبائلز کی اچھے معیار کی وجہ سے پاکستان میں مانگ ہے، پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے، جاپان اپنی ٹریول ایڈوائزری پر بھی نظرثانی کرے، پاکستان سیاحتی اعتبار سے پُرامن ملک ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تعلیمی شعبے میں دونوں ممالک کے طلبہ کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں، جاپان سے طلبہ یہاں آ کر یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کریں۔ ملاقات میں جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر رابطے بڑھانےکے لیے تعلیمی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔