بجلی چوروں سے ریکوری کی رقم ساڑھے 7 ارب روپے سے تجاوز

09-24-2023

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں گزشتہ 17 روز سے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اب تک 7 ارب 88 کروڑ 90 لاکھ ریکور کر لئے گئے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اب تک 15 ہزار 47 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا جبکہ اس عرصے کے دوران 2 ہزار سے زائد بجلی چور گرفتار کرلیے گئے۔ اعلامیے کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (لیسکو) نے اب تک بجلی چوروں سے 2 ارب 15 کروڑ 52 لاکھ سے زائد ریکور کئے، لیسکو میں 471 بجلی چور گرفتار،5 ہزار 878 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں کارروائیوں کے دوران ایک ارب 86 کروڑ 33 لاکھ ریکور کئے گئے، میپکو ریجن سے 698 بجلی چور گرفتار،3 ہزار 889 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن میں کارروائیوں کے دوران 43 بجلی چور گرفتار ہوئے، گیپکو میں بجلی چوروں کے خلاف 805 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔ فیسکو میں 294 بجلی چور گرفتار،1 ہزار 472 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا جبکہ آئیسکو میں 22 بجلی چور گرفتار، 176 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پشاورالیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) میں 372 بجلی چور گرفتار،ایک ہزار 790 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں 31 بجلی چور گرفتار، 315 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا۔ اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) میں 239 بجلی چور گرفتار،362 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) میں 122 افراد گرفتار،323 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا جبکہ ٹیسکو میں 8 بجلی چور گرفتار، 37 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔