فیفا ورلڈکپ کوالیفائر: پاکستان میں ہوم میچ کے انعقاد پر پی ایف ایف شش و پنج کا شکار

09-24-2023

(ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کوالیفائر کے پاکستان میں ہونے والے ہوم میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق اے ایف سی میچ کمشنر اسلام آباد اور لاہور کے وینیوز سے مطمئن نہیں ہیں۔ اے ایف سی کے نمائندے کیمیل توکابیو نےگزشتہ دنوں دونوں سٹیڈیمز کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران لاہور کا پنجاب سٹیڈیم میچ کی میزبانی کے لیے غیر موزوں قرار دے دیا گیا، سٹیڈیم کے حوالے سے اے ایف سی آفیشل نے تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے سٹیڈیم میں فیفا اور اے ایف سی کے بنیادی معیار کی چیزیں بھی نہیں تھیں۔ دوسری جانب اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں اے ایف سی نے بعض معاملات درست کرنے کو کہا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے اسلام آباد کا سٹیڈیم 10 اکتوبر تک تیار کرنے کا کہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیڈیمز کے حالات کی وجہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن شش و پنج کا شکار  ہے۔  خیال رہے کہ  پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ورلڈکپ کوالیفائر کا ہوم میچ 17 اکتوبر کو شیڈولڈ ہے۔