سابق صدر آصف زرداری کے لاہور میں ڈیرے، مختلف شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل

09-23-2023

(لاہور نیوز) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ان دنوں لاہور میں ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جہاں مختلف سیاسی شخصیات ان سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں مختلف سیاسی شخصیات نے ملاقات کی، اوکاڑہ سے سابق ایڈوائزر ٹو سی ایم میاں رشید بوٹی، حاصل پور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کامران خالد، چولستان سے ترکی میں ایجوکیشن اتاشی ڈاکٹر مشتاق احمد آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ تمام سیاسی شخصیات نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی، مرکزی سیکرٹری جنرل پی پی پی نیئر حسین بخاری، صدر پی پی پی جنوبی پنجاب مخدوم سید  احمد محمود ، چیف کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین ، سید عرفان گردیزی، سابق ایم پی اے شازیہ عابد اور دیگر بھی موجود تھے۔