ابوظبی سے لاہور کی پرواز سیالکوٹ ایئرپورٹ پر حادثات میں بال بال بچ گئی
09-23-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ابوظبی سے لاہور آنیوالی پرواز سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 2 حادثات میں بال بال محفوظ رہی۔
سول ایوی ایشن ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 264 کو لاہور کے خراب موسم کے باعث سیالکوٹ منتقل کیا گیا، لاہور کا موسم ٹھیک ہونے کے بعد سیالکوٹ سے ٹیک آف کے وقت جہاز سے پرندہ ٹکرا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوبارہ لینڈنگ کے دوران طیارے کے 3 ٹائر برسٹ ہوگئے، طیارہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر حادثے سے بال بال بچ گیا تاہم اس کے مسافروں کو بس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا۔ دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو فعال کرنے کے لیے لاہور سے ٹائر سیالکوٹ روانہ کر دیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ مالی بحران کے باعث متعدد طیارے گراؤنڈ ہونے کے بعد قومی ایئر لائن کو طیاروں کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔