پرائیویٹ کمپنی کے انجکشن سے دوران علاج درجنوں مریض بینائی سے محروم
09-23-2023
(ویب ڈیسک) پرائیویٹ کمپنی کے ناقص انجکشن کا اسکینڈل سامنے آ گیا۔ علاج کے دوران درجنوں کے قریب مریض بینائی سے محروم ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ناقص انجکشن ذیابیطس کے مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں لگائے گئے تھے۔ یہ انجکشن لگنے کے بعد لاہور اور قصور سے تعلق رکھنے والے 12 کے قریب ذیابیطس کے مریض اپنی بینائی سے محروم ہو گئے۔ ان مریضوں کو ریٹینا متاثر ہونے کے باعث انجکشن لگائے گئے تھے۔ انجکشن سے متاثرہ مریض انفیکشن کا شکار ہوئے اور ان کی بینائی چلی گئی۔ ذرائع کے مطابق انجکشن سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کی سربراہی معروف ماہر امراض چشم پروفیسر اسد اسلم کریں گے۔ ان کا کہنا ہے متاثرہ مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن پھیل چکا ہے اور ان کی بینائی واپس آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، انجکشن لوکل تیار کیا جا رہا تھا، مریضوں کی سرجری کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی محمد سہیل کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد پنجاب سے انجکشن کا سٹاک واپس منگوا لیا ہے اور تمام آنکھوں کے مراکز پر کریک ڈاؤن کا آغاز بھی ہو گیا ہے، واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں اور کمپنی کے خلاف کارروائی ہو گی۔