ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت، کروڑوں روپے مالیت کی خراب بوگیاں لاوارث
09-23-2023
(لاہور نیوز) ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی خراب بوگیاں لاوارث ہو گئیں، چور اور نشئی بوگیوں سے لوہا کاٹ کر فروخت کرنے لگے۔
ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی خراب بوگیاں ریلوے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہو گئیں، پھاٹک نمبر ایک، ہربنس پورہ، جلو پھاٹک، واشنگ لائن سمیت مختلف مقامات پر سینکڑوں خراب بوگیاں کھڑی ہیں ،خراب بوگیوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے نشئی اور چور بوگیوں کا لوہا کاٹ کر فروخت کر رہے ہیں۔ ریلوے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خراب کھڑی بوگیوں سے لاکھوں روپے کا دیگر سامان بھی چوری ہوچکا ہے، کروڑوں روپے کی کوچز اور دیگر سامان چوروں کے لیے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ ادھر ریلوے ملازمین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ان بوگیوں کو ٹھیک کروائے یا نیلامی کر کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ہی ادا کردے۔ دوسری جانب ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ خراب بوگیوں کی نیلامی پر پابندی عائد ہے، پابندی ختم ہوتے ہی بوگیوں اور دیگر خراب سامان کی نیلامی کی جائے گی۔