ن لیگ کا پارٹی منشور اور بیانیے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ
09-23-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بڑوں نے پارٹی منشور اور بیانیے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
لندن میں ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں اہم فیصلے کر لئے گئے ہیں، اس ضمن میں پارٹی قائد نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے 7 دن کے اندر تحریری طور پر تجاویز طلب کر لی ہیں، جبکہ پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت دیگر معاملات نواز شریف براہ راست خود دیکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبر کو اعتراض نہیں ہوگا، آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔ دوسری جانب سینئر لیگی رہنماؤں نے رائے دی کہ نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہئے، جبکہ پارٹی قائد نے ہدایت دی کہ ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ن لیگ کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں نواز شریف، شہباز شریف ،مریم نواز، اسحاق ڈار، عابد شیر علی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ گزشتہ روز ہونے والی ن لیگ کی اہم بیٹھک میں نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جبکہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ترقی کا سفر شروع کرنے کیلئے وطن واپس جا رہے ہیں۔