آذربائیجان سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز، پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی

09-23-2023

(ویب ڈیسک) آذربائیجان سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے، اس سلسلے کی پہلی پرواز لاہور پہنچی۔

باکو سے پہلی پرواز J25047 نے رات 11 بج کر 36 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق آذربائیجان ایئر لائن کی افتتاحی پرواز میں باکو سے 15 مسافر لاہور پہنچے، نگران وزیر ہوا بازی اور آذربائیجان کے سفیر نے افتتاحی پرواز کو خوش آمدید کہا۔ آذربائیجان کی افتتاحی پرواز کو لاہور ایئر پورٹ پر واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، آذربائیجان ایئر لائن کی ہفتہ وار 2 پروازیں باکو سے لاہور کے درمیان چلائی جائیں گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آذربائیجان ایئر لائن کی لاہور سے باکو کیلئے پہلی پرواز رات 12 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی، لاہور سے 80 مسافر واپسی کی پرواز J25048 سے باکو روانہ ہوئے۔