شاہین آفریدی کا شادی کے بعد پہلا پیغام سوشل میڈیا پر جاری

09-23-2023

(ویب ڈیسک) حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے شادی کی تمام تقریبات سے فارغ ہو کر پہلا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شادی کی مختلف تقریبات سے دو خوبصورت تصاویر شیئر کیں اور حالِ دل بیان کیا۔ فاسٹ باؤلر کی جانب سے شیئر کی گئی ان دو تصاویر میں سے ایک تصویر شادی کے موقع پر لی گئی ہے جس میں ان کے ہمراہ سابق کپتان اور ان کے سسر شاہد آفریدی موجود ہیں، تصویر میں دونوں کی دلکشی دیدنی ہے جبکہ ان کی دوسری تصویر ان کی اہلیہ انشا آفریدی کے ہمراہ ہے جو ولیمہ کی تقریب میں بنوائی گئی تھی۔ ان خوبصورت و بامعنی تصاویر کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی نے پیغام بھی پوسٹ کیا اور شادی کے موقع پر آنیوالے مہمانوں کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’آپ سب کی نیک خواہشات و تمناؤں کا شکریہ، یہ کسی خاص انسان کے ساتھ پیار محبت اور خوشیوں کی شروعات ہے‘۔ یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری صاحبزادی انشا آفریدی کی شادی کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی جبکہ ولیمہ 21 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی اور اس جوڑے کو دعائیں بھی دیں۔