اردو کے مایہ ناز شاعر تابش دہلوی کو دنیا سے رخصت ہوئے 19 برس بیت گئے

09-23-2023

(لاہور نیوز) شعر و سخن کی دنیا میں تابش دہلوی کے نام سے شہرت پانے والے سید مسعود الحسن کو دنیا سے رخصت ہوئے 19 برس بیت گئے۔

اردو کے مایہ ناز غزل گو شاعر، نثر نگار اور براڈ کاسٹر تابش دہلوی دہلی میں پیدا ہوئے، 1923ء میں انہوں نے شاعری کا آغاز کیا، وہ غزل کے ساتھ نعت گوئی اور مرثیہ گوئی میں بھی کمال رکھتے تھے۔ تابش دہلوی تقسیم ہند کے بعد پاکستان آگئے اور کراچی میں ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوگئے، انہوں نے ریڈیو پر خبرنامہ پڑھا اور براڈ کاسٹر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اردو شاعری میں بڑا نام بنانے والے تابش دہلوی کے مجموعے نیم روز، چراغِ صحرا، گوہرِ انجم، تقدیس اور دھوپ چھاؤں کے نام سے شائع ہوئے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تابش دہلوی کو ’’تمغۂ امتیاز‘‘سے نوازا گیا، وہ 23 ستمبر 2004ء کو 93 برس کی عمر میں کراچی میں اس دارِ فانی کو چھوڑ کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔