پاکستان کے عوام نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بے تاب ہیں: مریم نواز
09-22-2023
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کے لئے بے تاب ہیں، نوازشریف کے استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) وکلاء ونگ کا پارٹی قائد میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ بھی شریک ہوئے۔ نصیر بھٹہ،عطا اللہ تارڑ، محسن رانجھا، انوشہ رحمان، عظمیٰ بخاری، رانا ارشد سمیت صدر لائرز ونگ رانا ظفر اقبال ، جنرل سیکرٹری عنصر بلوچ، خاور اکرام بھٹی، رفاقت ڈوگر، صفدر جٹ، ملک شہباز نٹھر، امتیاز الٰہی، ناصر چوہان، ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے وکلاء نواز شریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، وکلاء برادری نے ہر موقع پر نواز شریف کا ساتھ دیا، سیکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، کوٹ لکھپت ہو یا اڈیالہ جیل کی قید ہر جگہ وکلاء نوازشریف کے ساتھ کھڑے رہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا ہے، وکلاء تحریک اس کا واضح ثبوت ہے، نواز شریف جب باہر نکلتا ہے تو عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت پسند وکلاء برادری نے ہمیشہ نواز شریف کو ہی سپورٹ کیا ہے، "یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے" نعرہ اٹل حقیقت ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قائد نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا، جمہوریت کی بحالی اور سویلین بالا دستی کے لیے وکلاء کی جدوجہد اہمیت کی حامل ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف واپس آئیں، پاکستان کی وکلاء برادری ان کے استقبال کے لیے فرنٹ لائن میں کھڑی ہو گی، نواز شریف کا بیانیہ واضح اور دو ٹوک ہے، جمہوریت کی کامیابی، آئین کی بالادستی اور اداروں کا استحکام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ اجلاس سے عطا اللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور وکلاء کی قربانیوں اور آئین اور جمہوریت کی خاطر ہونے والی تحریکوں پر خراج تحسین پیش کیا۔