لاہور ہائیکورٹ نے رائے ممتاز حسین کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری منظور کر لی

09-22-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق سیکرٹری کوآرڈی نیشن پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری منظور کر لی۔

جسٹس شہرام سرور چودھری نے رائے ممتاز کی بعد از گرفتاری ضمانت  کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اینٹی کرپشن نے قانون کے برعکس مقدمہ درج کیا، مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہوں عدالت ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے دس لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کر لی اور ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے جسمانی ریمانڈ  کیلئے پراسیکیوٹر کی درخواست پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا اور سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔