سیشن کورٹ کا چودہ سالہ بیٹی سے زیادتی کرنے والے باپ کو سزائے موت کا حکم

09-22-2023

(لاہور نیوز) سیشن کورٹ نے چودہ سالہ بیٹی سے زیادتی کرنے والے باپ کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔

بیٹی سے زیادتی کے کیس کا ایڈیشنل سیشن جج میاں شاہد جاوید نے ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر زیادتی کرنے والے باپ رفیق کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔ مجرم رفیق پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا کہ باپ کو ہمیشہ بچوں کا محافظ تصور کیا جاتا ہے۔ اگر بیٹی کو کوئی باہر تنگ کرے تو وہ اپنے والد کو محافظ سمجھتے ہوئے شکایت کرتی ہے۔ موجودہ کیس میں سگے باپ نے اپنی بیٹی کی شخصیت ، روح اور جسم کو تباہ کیا۔ کمسن بچی ذہنی اذیت کا بھی شکار ہوئی۔ دوران ٹرائل پراسیکیوٹر عائشہ طفیل نے گیارہ گواہ عدالت میں پیش کیے۔ عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی۔ مجرم رفیق کے خلاف تھانہ ستوکتلہ پولیس نے 2019ء میں مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے سزائے موت کا حکم سناتے ہوئے مجرم رفیق کو کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا۔