ٹیم میں شامل نہ ہونے پرمایوس ہوں: نسیم شاہ کا جذباتی ٹویٹ

09-22-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ میں کندھے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہونے والے پیسر نسیم شاہ نے میگا ایونٹ کے لیے سکواڈ کے اعلان کے بعد جذباتی ٹویٹ کیا ہے۔

آئندہ ماہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا آغاز بھارت میں ہو رہا ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سپیڈ سٹار نسیم شاہ انجری کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ کے اعلان کے بعد نسیم شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے جس کو پڑھ کر صارفین بالخصوص ان کے مداح اداس ہوگئے۔ نسیم شاہ نے ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بھاری دل کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں کہ میں اس شاندار ٹیم کا حصہ نہیں ہوں۔ فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل نہ ہونے پرمایوس ہوں مگر سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے اور انشاء اللہ جلد میدان میں دوبارہ اتروں گا۔ نسیم شاہ نے اپنے ٹویٹ کے آخر میں اپنے لیے دعائیں کرنے والے تمام مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔