وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ

09-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے شہر ننشیا کی میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی وفد کے ہمراہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی پہنچے، وائس چانسلر اور فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم اور ریسرچ کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیکل ایجوکیشن کے نظام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے میڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا، محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران  اور زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ طب کی تعلیم کے حوالے سے جدت پسندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لانا وقت کا تقاضہ ہے، ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ کے حوالے سے شاندار کام ہو رہا ہے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے، دورہ چین صرف وزٹ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے ٹرانسلیٹ کریں گے۔