ورلڈکپ : ٹیموں کو سٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے بھارت کا سکیورٹی پلان تیار

09-22-2023

(ویب ڈیسک) انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سکیورٹی اور ٹریفک کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ۔

بھارتی میڈیا نے سکیورٹی آفیسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ سٹیڈیم تک شائقین کی آمد کو آسان بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کا پلان بھی تیار ہے۔ سکیورٹی آفیسر کے مطابق ورلڈکپ میچز کے دوران ملٹی لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی، سکیورٹی ادارے اور مقامی ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل رابطے کے لیے کمیونیکیشن سسٹم ترتیب دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل سے سٹیڈیم تک ٹیموں کے لیے محفوظ راستہ بنایا جائے گا، پونے سمیت کئی سٹیڈیمز شہر سے دور واقع ہیں، دوری کی وجہ سے جامع پلان ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ کمشنر پولیس وینوئے کمار کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کے اطراف میں ملٹی لیئر سکیورٹی کا حصار ہوگا، ہر سکیورٹی لیئر کا ایک الگ مقصد ہوگا اور ہر لیئر میں سکیورٹی اہلکاروں کی مخصوص تعداد ہو گی۔ کمشنر پولیس کے مطابق ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو سٹیڈیم میں پارکنگ کو دیکھے گی، ہر سکیورٹی لیئر پر شائقین کی چیکنگ ہو گی اور میچز سے قبل بھی سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سکیورٹی چیکنگ ہوگی۔