ایف آئی اے لاہور کے چھاپے، ہنڈی حوالہ اور کاپی رائٹ مافیا کے 5 ملزمان گرفتار

09-22-2023

(لاہور نیوز) ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ اور کاپی رائٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے، کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کریک ڈاؤن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

 ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں بادامی باغ، سبزہ زار کے علاقوں میں کی گئیں، پہلی کارروائی میں ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزم عثمان بٹ کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 17 لاکھ 88 ہزار روپے برآمد کر لئے گئے۔ ملزم حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھا۔ دوسری کارروائی میں غیر معیاری انجن آئل کی تیاری اور فروخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں سرفراز احمد، وقار محمود، محمد عادل اور نیئر رفیق شامل ہیں۔ دوران ریڈ ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں رجسٹرڈ کمپنی کا پائریٹڈ اور غیر معیاری انجن آئل برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان غیر معیاری انجن آئل تیار کرکے رجسٹرڈ کمپنی کا نام استعمال کرتے ہوئے فروخت کر رہے تھے۔ غیر معیاری انجن آئل ناصرف گاڑیوں کو نقصان بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافے کا باعث بن رہا تھا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔