آج سے 24 ستمبر تک بارشوں کے نئے سپیل کی پیش گوئی

09-22-2023

(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے آج سے 24 ستمبر تک ملک بھر میں بارشوں کے نئے سپیل کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران راولپنڈی، لاہور ،سیالکوٹ ،اٹک ،گوجرانوالہ ،جہلم سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، بارش کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے بیش تر علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کے باعث سجاول، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت بعض نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، گلگت، لکی مروت اور بنوں سمیت کرک اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے۔