ایشین گیمز سیلنگ: پاکستان کے 3 سیلرز نے پہلی ریس مس کر دی

09-22-2023

(ویب ڈیسک) ایشین گیمز میں سیلنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے تین سیلرز نے اپنی کلاس کی پہلی ریس مس کردی۔

چین میں ایشین گیمز کے سیلنگ مقابلے شروع ہوگئے ہیں، پہلے روز کمپٹیشن شیڈول میں تبدیلی سے لاعلمی کی وجہ سے پاکستان کے تین سیلرز نے اپنی پہلی ریسیں مس کر دیں۔ پاکستان سیلنگ فیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایشین گیمز میں سیلنگ کے مقابلوں کیلئے رافیل جاوید، زویا علی اور مزمل حسن پہلی ریس کیلئے کمپٹیشن ایریا نہیں پہنچ سکے۔  پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اکرم طارق کے مطابق مقابلے کا شیڈول تبدیل ہوا تھا جس سے پاکستانی دستہ آگاہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ رابطے کے فقدان پر کسی پر الزام نہیں دیں گے۔ ایونٹ میں رافیل جاوید آئی ایل سی اے کلاس فور کی پہلی ریس مس کرنے کے بعد دوسری میں 12 ویں نمبر پر رہے جبکہ زویا علی کو  آئی ایل سی اے گرلز کی دوسری ریس میں پنالٹی پڑ گئی ۔ اس کےعلاوہ مزمل حسن آئی ایل سی اے 7 کی دوسری ریس میں 10 ویں نمبر پر رہے ۔