نسیم شاہ کے ورلڈکپ سے باہر ہونےکا خدشہ، حسن علی کو چانس ملنے کا امکان

09-22-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ سے باہر ہونےکا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کی جائزہ رپورٹ حوصلہ افزاء نہیں آئی ہے، وہ  ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کا اہم میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان شاہینز کے فاسٹ بولر محمد حسنین بھی انجرڈ ہوگئے ہیں،  ٹخنےکی انجری کے باعث ان کا ایشین گیمز سے باہر ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو 15 رکنی سکواڈ میں  شامل کیا جاسکتا ہے۔ حسن علی کے سکواڈ میں شامل ہونے کی صورت میں زمان خان ٹریولنگ ریزروز میں شامل ہو سکتے ہیں۔ خیال رہےکہ پی سی بی نے اعلان کیا ہےکہ ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان آج  کیا جائے گا، تین ٹریولنگ ریزروز کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائےگا۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق قومی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔