پی آئی اے کی نجکاری: ادارے کی تنظیم نو کا عمل تیز، مالی مشیر کی خدمات طلب

09-21-2023

(لاہور نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری سے قبل ادارے کی تنظیم نو کا عمل تیز کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو 2  کمپنیوں میں تقسیم کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئےہیں ، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ضروری بیلنس شیٹ ری سٹرکچرنگ کیلئے مالی مشیرکی خدمات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔پی آئی اے کی مالی تنظیم نو کیلئے مختلف منصوبوں پر مالی مشیر سے تجاویز لی جائیں گی، پی آئی اے کو دو کمپنیوں میں تقسیم کرنے یا پی آئی اے کو ایک ہولڈنگ کمپنی کے ماتحت ادارہ بنانے کی تجاویزشامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے تمام اثاثے بشمول جائیدادیں، تمام قرضہ جات، جہاز اور ملازمین نئی کمپنی کو منتقل کر دیے جائیں گے۔پی آئی اے بحیثیت مالی طور پر صاف یا قرضوں سے پاک کمپنی کو نجکاری کیلئے سرمایہ کاروں کو پیش کیا جائے گا۔