وزیراعظم سے ریوٹنٹو گروپ کے سی ای او کی ملاقات، معدنیات، کان کنی میں سرمایہ کیلئے رابطوں پر اتفاق

09-21-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ریوٹنٹو گروپ کے سی ای او نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران معدنیات، کان کنی میں سرمایہ کاری کے لئے رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔

نیویارک میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ریوٹنٹوگروپ کے سی ای او جیکب سٹوشولم نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیراعظم نے ریوٹنٹو گروپ کے کام اور کارکردگی کو سراہا اور ریوٹنٹو گروپ کو پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ انوارالحق کاکڑ نے پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر سے زائد مالیت کے معدنی ذخائر سے متعلق بھی آگاہی دی، نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان میں موجود معدنیات میں سونے، تانبے اور نایاب زمینی دھاتوں کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں، انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کے مضبوط معاشی ویژن کا خاکہ پیش کیا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا ون ونڈو پلیٹ فارم طریقہ کار آسان اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دیتا ہے، حکومت پاکستان ریوٹنٹو جیسی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور پاکستانی عوام کے مفادات کو مقدم سمجھتی ہے، نگران وزیراعظم نے ریوٹنٹو گروپ کے سی ای او اور ان کی ٹیم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ ریوٹنٹو گروپ کے سی ای او نے دعوت دینے پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا، پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے رابطے پر اتفاق کیا۔