اکبر چوک منصوبہ خزانے پر بھاری پڑنے لگا، لاگت دو ارب روپے بڑھی
09-21-2023
(لاہور نیوز) اکبر چوک منصوبہ خزانے پر بھاری پڑنے لگا۔ ڈیزائن کی تبدیلی سے لاگت دو ارب روپے بڑھی، اب لائٹس لگانے کے لئے بھی خزانے پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
اکبر چوک اور مولانا شوکت علی روڈ کو جگمگانے کیلئے کروڑوں روپے اضافی خرچ کیے جائیں گے۔ اکبر چوک منصوبے میں تبدیلیوں کے سبب لاگت پانچ ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے سڑکوں پر لائٹس لگانے کے لئے 8 کروڑ 67 لاکھ 59 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جناح ہسپتال سے پیکو روڈ پر نئی ایل ای ڈی سولر لائٹس لگائی جائیں گی۔ مولانا شوکت علی روڈ پر بننے والے دس یوٹرن پر بھی سولر لائٹس لگائی جائیں گی۔ اکبر چوک ری ماڈلنگ منصوبے کی لاگت تین ارب دس کروڑ بارہ لاکھ روپے تھی جو بڑھ کر پانچ ارب 57 لاکھ 52 ہزار روپے تک جا پہنچی۔