بجلی چوری کلچر کا خاتمہ کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے: سیکرٹری پاور

09-21-2023

(لاہور نیوز) سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ بجلی چوری کلچر ختم کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، جرم کرنے والوں کی سزا بل ادا کرنے والوں کو دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر راشد لنگڑیال نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم زوروں سے جاری ہے، اب تک 6 ارب روپے وصول کر لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آخری 7 دن میں بجلی چوروں سے 5 ارب روپے وصول کئے اور 1500 بجلی چور گرفتار کر لئے، لیسکو نے بجلی چوروں سے 1 ارب 45 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ریکور کر لئے۔ راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ لیسکو میں 4 ہزار 928 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، لیسکو ریجن سے اب تک 406 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا، حیسکو نے بجلی چوروں سے 1 ارب 21 کروڑ 40 لاکھ روپے ریکور کئے، حیسکو میں 310 ایف آئی آرز درج اور 31 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میپکو میں 80 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، میپکو میں 3 ہزار 497 ایف آئی آرز درج  اور 249 گرفتاریاں ہوئیں۔سیکرٹری پاور کا یہ بھی بتانا ہے کہ سیپکو میں اب تک 70 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے، سیپکو میں 325 ایف آئی آرز کا اندراج اور 234 گرفتاریاں ہوئیں۔