جب تک مینڈیٹ ہے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، فوادحسن فواد

09-21-2023

(لاہور نیوز) وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ جب تک مینڈیٹ ہے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

فواد حسن فواد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا کام نجکاری کرنا ہے کسی ادارے کو بند کرنا نہیں، کسی بھی ملازم کو نگران حکومت فارغ نہیں کرے گی، نگران حکومت میں قابلیت کی بنیاد پربیٹھا ہوں، سول سرونٹ ہوں، میرا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ وزیر نجکاری نے کہا سٹیل ملز کی نجکاری اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے، جوادارے نقصان کا باعث بن رہےہیں  ان کی نجکاری کر دی جائے گی، رضا ربانی کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کروں گا، کوئی بھی چیز آئین و قانون سے باہر نہیں ہونے جارہی، نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے باہر کوئی کام نہیں کرے گی۔ فواد حسن فواد نے مزید کہا نجکاری کا کوئی منصوبہ نگران حکومت نے شروع نہیں کیا، نجکاری کا عمل گزشتہ حکومتوں میں شروع ہوا، نگران وزیرخزانہ کی مدد سے 48 گھنٹے میں پی آئی اے کے لئے پیسوں کا انتظام کیا، نگران حکومت کے اقدامات سے پی آئی اے کا آپریشن رواں دواں ہے، وہی حکومت سبسڈی دے سکتی ہے جس کو خسارے کا سامنا نہ ہو، خسارے سے مہنگائی اورعام آدمی پر بوجھ پڑتا ہے، اگرحکومت کے خسارے میں اضافہ ہوگا توعام آدمی پربوجھ پڑے گا۔