پنجاب حکومت کے وفد کا ینسچوان کے آبپاشی و زرعی نظام کا دورہ

09-21-2023

(لاہور نیوز) وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے وفد نے ینسچوان کے آبپاشی و زرعی نظام کا دورہ کیا۔

صوبائی وزراء نے ننشیا یونیورسٹی کے سکول آف ایگریکلچر کا بھی وزٹ کیا۔ صوبائی وزراء نے زرعی ریسرچ کے مختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا اور جدید بنیادوں پر ریسرچ کے عمل کو دیکھا۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر ، اظفر علی ناصر اور ابراہیم حسن مراد نے چینی طلبا و طالبات سے ملاقات بھی کی۔ چینی طلبا و طالبات نے صوبائی وزراء سے گفتگو کی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے پنگ جی پاو Ping ji Pu کے علاقے میں آبپاشی و زرعی سسٹم کا معائنہ بھی کیا۔ صوبائی وزراء نے ڈرپ ایریگیشن نظام کا مشاہدہ کیا اور کھیت میں کھڑی مکئی کی فصل دیکھی۔ صوبائی وزراء نے زراعت کے لیے پانی کے موثر استعمال کے عمل کا جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے ینسچوان کے آبپاشی و زرعی نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننشیا یونیورسٹی کے سکول آف ایگریکلچر کی فیکلٹی 200 ٹیچرز پر مشتمل ہے۔ سکول آف ایگریکلچر میں 2000 سے زائد سٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں۔ یلو ریور سے پانی لے کر ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ ضرورت کے مطابق پانی میں معدنیات شامل کرکے فصلوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ معدنیات والے پانی کے باعث فصلوں کی پیداوار میں 50 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایس ایم تنویر کا کہنا تھا سکول آف ایگریکلچر ننشیا یونیورسٹی زرعی ریسرچ میں بہت آگے ہے، چینی زرعی ریسرچ سے استفادہ کریں گے۔ اظفر علی ناصر نے کہا چینی طلبا و طالبات کیلئے سکول آف ایگریکلچر میں بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، پنجاب کے زرعی ریسرچ اداروں کو بھی ننشیا یونیورسٹی کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔  ابراہیم حسن مراد کا اس موقع پر کہنا تھا زرعی ریسرچ میں چینی اداروں کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے، دورے کا مقصد زرعی ریسرچ میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔