چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ارشد ندیم کو دس لاکھ روپے کا انعام

09-21-2023

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ نے ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں ملک کا نام روشن کرنے پر ارشد ندیم کو دس لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے قومی جیولن ہیرو ارشد ندیم نے ملاقات کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز اور حالیہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی بے مثال کارکردگی کی بدولت پاکستان کا نام روشن کیا، آپ جیسے لوگ پاکستان کا فخر، قومی ہیرو ہیں، اپنی محنت جاری رکھیں اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں، ہم آپ کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کو برینڈ ایمبیسیڈر بنانے اور ان کی سپانسرشپ کیلئے نجی شعبے سے بات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اس مقام تک پہنچنے کیلئے اپنی جدوجہد کے بارے میں چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کرتے ہوے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سینیٹراعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ سلور میڈل جیتنے پر چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔