چینی سستی ہوئی نہ ہی مہنگی کرنے والا کوئی پکڑا گیا، عوامی مشکلات جوں کی توں
09-21-2023
(عمران اکبر) نہ 9 من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی، بڑے بروکرز کی گرفتاری ہوئی نہ ہی چینی سستی ہو سکی، سستی چینی کا حصول 13 بڑے شوگر ڈیلرز کی گرفتاری سے مشروط ہو کر رہ گیا۔
13 بڑے شوگر بروکرز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیوں میں بھی کوئی کامیابی نہیں مل سکی، رواں مہینے کے 20 ایام گزر گئے مگر سٹہ بازوں اور شوگر مافیا کی گردن نہیں مروڑی جا سکی۔ لاہور کے 2 اور قصور کے 1 سمیت 13 بروکرز کو پکڑنے کی کوئی خبر نہیں آئی، افسران کی طرف سے خاموشی اور سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔ ادھر تاحال عوام کی تکلیف جوں کی توں ہے، حکومتی اعلان کردہ 140 روپے فی کلو والی چینی کہیں بھی دستیاب نہیں ہے،صارفین 1 کلو کے 175 روپے ادا کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں سے روزانہ کی بنیاد پر فی کلو 35 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ بدنیتی شامل ہونے سے شہر میں چینی کی فی کلو قیمت 175روپے ازخود وصول کی جا رہی ہے، سرکار کے 140 روپے فی کلو چینی ملنے کے دعوے ہوا میں اڑا دیئے گئے ہیں، حکومتی اعلان پر کہیں بھی عملدرآمد دکھائی نہیں دے رہا۔