پاکستان حکومت امیروں سے ٹیکس لے اور غریبوں کو تحفظ دے: سربراہ آئی ایم ایف

09-21-2023

(ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے، یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم سے بہت اچھی ملاقات رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات میں محصولات کی وصولی کو ترجیح دینے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کی اہم ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آفس نے بھی نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تفصیل جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا کہ نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات کے بعد ایک بیان میں نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ سربراہ آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔