ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس کا ریویو مکمل

09-21-2023

(لاہور نیوز) ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس کا ریویو مکمل کرلیا گیا، پی سی بی اجلاس کی تفصیلات جاری کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈکوارٹر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں پرفارمنس کا ریویو اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ذکاء اشرف ،بابر اعظم ، سلیکشن اور ٹیکنیکل کمیٹی سمیت کوچز نے شرکت کی، ٹیکنیکل کمیٹی نے سلیکشن پر کچھ اعتراضات کئے اور کچھ تجاویز دیں۔ ذرائع کے مطابق ذکاء اشرف نے کپتان بابر اعظم کو اجلاس کے لیے طلب کیا تھا،اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا، ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران محمد حفیظ اور مصباح الحق کی جانب سے تجاویز دی گئیں۔ اجلاس میں ذکاء اشرف اور دیگر ممبران نے بابر اعظم سے ٹیم کی پرفارمنس سے متعلق سوالات پوچھے۔ جس پر کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی پرفارمنس سے متعلق اجلاس میں شریک ممبران کو آگاہ کیا، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی انجری پر بھی سوالات اور بحث ہوئی۔ اجلاس میں محمد حارث، شاداب خان اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی بات ہوئی، ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبرز مصباح الحق اور محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کی سلیکشن پر اعتراضات لگاتے ہوئے کہا کہ  جو کھلاڑی آپ نے ورلڈکپ کے لئے سلیکٹ کئے ہیں ہماری سمجھ سے باہر ہیں۔ ٹیکنیکل کمیٹی کا کہنا تھا کہ محمد حارث کو ریزرو میں کس وجہ سے شامل کیا گیا ہے، ہماری تجویز ہے کہ انکی جگہ سرفراز احمد کو شامل کیا جائے، ہماری تجویز یہ بھی ہے کہ عماد وسیم کو بھی ورلڈ کپ سکواڈ میں ہونا چاہیے، کیا حسن علی ہی صرف ہمارے پاس باؤلر رہ گئے ہیں انکے علاوہ بھی فاسٹ باؤلرز ہیں انکو بھی دیکھا جائے۔ ٹیکنیکل کمیٹی کا کہنا تھا کہ  ارشد اقبال، عامر جمال، زمان خان بھی موجود ہیں پھر حسن علی کیوں؟ اس سوال کے جواب میں سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ارشد اقبال کی فٹنس کے مسائل ہیں جبکہ عامر جمال، زمان خان کی ڈومیسٹک ون ڈے میں پرفارمنس بہتر نہیں ہے.۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی تفصیلات پی سی بی آج جاری کرے گا جبکہ قومی ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان بھی آج یا جمعہ کو متوقع ہے۔