معروف فوک گلوکار طفیل نیازی کو دنیا سے رخصت ہوئے 33 برس بیت گئے

09-21-2023

(لاہور نیوز) پی ٹی وی کا پہلا گلوکار ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے طفیل نیازی کو مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی افتتاحی نشریات کا آغاز طفیل نیازی کے مشہور گیت ’’لائی بے قدراں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کر کے‘‘ سے ہی ہوا، انہوں نے لوک گائیکی میں منفرد انداز اپنایا اور تھیٹر، ریڈیو، پاکستان ٹیلی ویژن کے مقبول ترین گلوکار بن گئے، ساڈا چڑیاں دا چنبا وے، میں نئیں جاناں کھیڑیاں دے نال بھی طفیل نیازی کے گائے ہوئے گیت ہیں۔ زندگی بھر لوک گائیکی کی چاشنی بکھیرنے والے طفیل نیازی نے 1926ء میں جالندھر میں آنکھ کھولی، تقسیم ہند کے بعد طفیل نیازی جنوبی پنجاب کے شہر ملتان منتقل ہو گئے، انہیں پہلی بار ایک پولیس انسپکٹر نے میوزیکل فنکشن میں متعارف کروایا جس کے بعد طفیل نیازی بہت جلد ایک مقبول فنکار بن گئے۔ موسیقی کے میدان میں خدمات کے عوض انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، طفیل نیازی 21 ستمبر 1990ء کو انتقال کر گئے تھے۔