ترقی پذیر ممالک کو عالمی وباؤں سے بچانے کیلئے مالی وسائل مہیا کریں: نگران وزیراعظم

09-20-2023

(لاہورنیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ترقی پذیرملکوں کوعالمی وباؤں کے منفی اثرات سے بچانے کے لئے مالی وسائل مہیا کرنا ہوں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ردعمل کے موضوع پر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک چھوٹے سے وائرس کے باعث کروڑوں لوگوں کو لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا، خوش قسمتی تھی کہ سائنسدان کرونا ویکسین بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ نگران وزیراعظم نے کہا ویکسین کی تقسیم میں عالمی سطح پرغیرمنصفانہ رویہ دیکھنے کو ملا، وبائی امراض کی روک تھام کے لئے ویکسینز کی دستیابی ہر ایک کے لئے ممکن بنانا ضروری ہے، کرونا وائرس کی روک تھام میں درپیش آنے والے مسائل کو دوبارہ نہ دہرانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں عالمی سطح پرویکسین کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے، عالمی حدت میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان شامل ہے، حقوق دانش کے نام پرغریب ملکوں کے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ نہیں رکھنا چاہئے، گلوبل وارمنگ کے خلاف ہرایک کواپنا کردارادا کرنا چاہئے۔