پاکستان میں کتنے کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں؟عالمی ادارہ صحت کی پریشان کن رپورٹ جاری

09-20-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان میں تقریباً 3 کروڑ 22 لاکھ بالغ افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 30 سال سے 79 سال کے تقریباً 3 کروڑ 22 لاکھ افراد ہائپر ٹینشن یا ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں، ان میں سے صرف 44 فیصد افراد تشخیص شدہ ہیں جبکہ صرف 35 فیصد افراد ہائی بلڈ پریشر کا علاج کرواتے ہیں۔پاکستان میں صرف 11 فیصد افراد کا بلڈ پریشر ادویات اور دیگر طریقوں سے کنٹرول رہتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کا شکار تشخیص شدہ مردوں کی تعداد 34 فیصد جبکہ خواتین کی تعداد 54 فیصد ہے۔ اسی طرح ہائی بلڈ پریشر کے  شکار افراد میں سے صرف 25 فیصد مرد حضرات اپنا علاج کروا رہے ہیں جبکہ خواتین میں یہ شرح 44 فیصد کے قریب ہے۔رپورٹ کے مطابق ادویات اور دیگر طریقوں سے بلڈ پریشر کنٹرول کرنے والے افراد میں مردوں کی تعداد 8 فیصد جبکہ خواتین میں یہ تعداد 14 فیصد ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال دل کی بیماری سے تقریباً چار لاکھ 50 ہزار افراد انتقال کر جاتے ہیں جن میں سے 58 فیصد افراد کی موت ہائی بلڈ پریشر کے نتیجے میں ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔