پائلٹ پراجیکٹ کیلئے 5 ڈیجیٹل بینکوں کو اصولی اجازت دیدی، گورنر سٹیٹ بینک
09-20-2023
(لاہور نیوز) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے 5 ڈیجیٹل بینکوں کو اصولی اجازت دے دی۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل بینک اب اپنے سسٹمز اور انفراسٹرکچر کو تیار کریں گے، فارن ایکسچینج اصلاحات کے تحت غیر قانونی کاروبار کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے، آئندہ صرف ایک طرح کی ایکسچینج کمپنی کاروبار کرسکے گی۔ گورنر سٹیٹ بینک نے مزید کہا نئی اور بڑی ایکسچینج کمپنیاں شفاف انداز میں کام کریں گی، کسٹمرز کو بہتر خدمات میسر ہوں گی، ادا شدہ سرمائے کی حد 20 کروڑ سے بڑھاکر 50 کروڑ کردی گئی، بڑے بینک زیادہ سرمائے کے ساتھ ایکسچینج کمپنیاں لارہے ہیں جس سے ایکسچینج مارکیٹ میں سرمائے کی کمی دور ہوگی۔