پاکستان کی معیشت الیکشن سے سنبھل سکتی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک
09-20-2023
(لاہور نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا ہے کہ رواں مالی سال الیکشن کے انعقاد سے پاکستان کی معیشت سنبھل سکتی ہے۔
پاکستان کی معیشت پر اپنی رپورٹ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ مالی سال 2024ء کے دوران الیکشن سے پاکستان کی معیشت کو اعتماد ملے گا، توانائی کی قیمت میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے، رواں مالی سال پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاشی شرح نمو میں مستحکم گروتھ کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد ضروری ہے، رواں مالی سال مہنگائی کی مجموعی شرح 25 فیصد تک رہے گی، مالی نظم و نسق، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ اور پاور سیکٹر میں اصلاحات ضروری ہیں، مستحکم معاشی گروتھ کیلئے حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات بھی ضروری ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا اپنی رپورٹ میں مزید کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی معیشت کو سیلاب اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا جس کے باعث مہنگائی اور شرح نمو کم رہی، مستحکم گروتھ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی اکانومی کیلئے شراکت داری جاری رہے گی۔