یونین کونسلز میں کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ کا اجراء سست روی شکار، شہری خوار

09-20-2023

(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبہ بھر کی سینکڑوں یونین کونسلز میں پیدائش ،اموات ،نکاح اور طلاق کے کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ سست روی کا شکار ہوگئے، بار بار چکر لگانےسے شہری خوار ہو گئے۔

محکمہ بلدیات پنجاب کا نعرہ "خدمت آپکی دہلیز پر" دم توڑنے لگا، لاہور کی 274 یونین کونسلز میں 120 یوسیز  تاحال کمپیوٹرائز  نہ ہو سکیں، مصدقہ  کاغذ نہ ہونے سے سرٹیفکیٹس کے اجراء  کا عمل دو ماہ سے التواء کا  شکار ہے، سینکڑوں شہریوں کے سرٹیفکیٹس جاری ہونے کے باوجود آن لائن نہیں ہو سکے۔ شہرکی 120 یونین کونسلز میں کمپیوٹر بھی موجود  نہیں ہیں، متعدد یونین کونسلز کے سیکرٹری دفاتر بند کر کے غائب ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ  کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل وجوہات کی وجہ سے سرٹیفکیٹس کے اجراء میں مسائل آرہے ہیں، کوشش  ہے کہ شہریوں کی شکایات کا جلد  ازالہ کیا جا سکے۔