انسداد سموگ کارروائیاں، تین انڈسٹریل یونٹ سربمہر، مقدمات درج
09-20-2023
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ کا ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اینٹی سموگ سکواڈ نے آلودگی پھیلانے والے تین انڈسٹریل یونٹ سربمہر کر کے مقدمات درج کروا دیئے۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بتایا ہے کہ تحصیل سٹی میں آلودگی کا باعث بننے والے 3 انڈسٹریل یونٹ سربمہر کیے گئے ہیں، تحصیل رائیونڈ میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف 3 مقدمات کا اندراج کروایا گیا ہے، رواں ماہ میں اب تک 90 یونٹس کو سربمہر کیا جا چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحصیل سٹی میں 19، ماڈل ٹاؤن میں 6، شالیمار میں 60 اور رائیونڈ میں 5 یونٹ سیل کیے گئے، اس کے علاوہ رواں ماہ اینٹوں کے 4 بھٹے سربمہر کرکے 6 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے گی۔