لیسکو میں ذہنی دباؤ اور تناؤ کے شکار افسران کمپنی چھوڑنے لگے

09-20-2023

(لاہور نیوز) لیسکو میں ذہنی دباؤ اور تناؤ کے شکار افسران کمپنی چھوڑنے لگے، دو ایکسینز اور ایک ایس ڈی او نے لیسکو کو خیر باد کہہ دیا۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں گیپکو سے لیسکو میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے محمد طارق نے لیسکو کو خیرباد کہہ دیا ہے، ایکسین شاہ پور ڈویژن اویس نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ نئے بھرتی ہونے والے ایس ڈی او صحافی کالونی علی شان نے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مستعفی ہونے والے افسران کا مؤقف ہے کہ لیسکو میں کام کے لیے ساز گار ماحول نہیں، لیسکو میں بلاوجہ افسران پر مقدمے بنائے جارہے ہیں، مٹیریل فراہمی کے لئے کوئی اقدامات نہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دیگر متعدد افسران نے بھی چھٹی کی درخواستیں دیدی ہیں۔ ادھر لیسکو حکام نے افسران کے مستعفی ہونے پر ردعمل میں کہا ہے کہ کچھ  افسران فیلڈ سے جان چھڑا رہے ہیں، جو ڈیوٹی نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔