ائرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں سے بچانے کیلئے خودکار نظام کی تنصیب کا فیصلہ
09-20-2023
(ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن نے ائرپورٹس پر طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران پرندوں سے بچانے کے لیے خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
طیاروں اور فضائی سفر کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ لاہور پر جدید خودکار نظام نصب کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے درخواستیں طلب کرلی ہیں جب کہ ٹینڈر 28 ستمبر کو کھولے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور ائرپورٹس کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندے ائرپورٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں، پرندوں کی تعداد میں اضافہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے چیلنج ہے۔