ورلڈ کپ میچز: آئی سی سی کی گراؤنڈز کے حوالے سے نئی ہدایات جاری

09-20-2023

(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں۔

ورلڈکپ 2023ء کا آغاز اکتوبر کی 5 تاریخ سے بھارت میں ہونے جارہا ہے جس کے لیے کافی عرصے سے تیاریاں کی جارہی ہیں، انہیں تیاریوں کے تسلسل میں  آئی سی سی نے میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیوریٹرز کو کچھ نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت میں اوس پڑنے کے امکانات ہیں، اس لیے آئی سی سی نے تمام سٹیڈیمز کے کیوریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔ بھارتی پچز عام طور پر اسپنرز کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں مگر آئی سی سی نے کیوریٹرز کو پچز پر زیادہ سے زیادہ گھاس چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں  تاکہ فاسٹ بولرز کو بھی کھیل میں رہنے کا موقع ملے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2021ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی اوس پڑی تھی جس کی وجہ سے پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوا تھا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز بھی دی ہے کہ سٹیڈیم میں باؤنڈری کا سائز بڑا ہونا چاہیے، اس لیے ورلڈ کپ میچز کے لیے سٹیڈیمز کا باؤنڈری سائز تقریباً 70 میٹر رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل میچز میں باؤنڈری سائز کم سے کم 65 میٹرز جب کہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹرز ہوتا ہے۔