تکرار کی افواہیں دم توڑ گئیں، شاہین نے کپتان کیساتھ تصویر شیئر کر دی

09-20-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور کپتان بابراعظم کے درمیان زبانی تکرار کے حوالے سے زیر گردش تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔

ایشیا کپ میں سری لنکا سے سیمی فائنل کا درجہ اختیار کر لینے والے میچ میں شکست کے بعد میڈیا میں خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان کے کپتان بابراعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ڈریسنگ روم میں زبردست زبانی تکرار ہوئی۔ ان رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بابراعظم نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کیا، شاہین شاہ آفریدی نے بابر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف کریں جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مبینہ طور پر اس بات پر محمد رضوان نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نجی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق جب اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی سے پوچھا گیا تو انہوں نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ٹیم کی واحد توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی فکر نہیں ہے'۔ تاہم اب شاہین آفریدی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا ہے جس کے بعد کپتان بابر اعظم کے ساتھ ان کی کسی قسم کی لفظی تکرار کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر بابراعظم کے ساتھ تصویراپ لوڈ کرتے ہوئے "فیملی" کا کیپشن درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی  نے کیپشن کے ساتھ دل کا ایموجی بھی بنایا۔