کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے: فردوس عاشق

09-19-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کینیڈین وزیراعظم کے بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے سكھ رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل اپنے اندر کئی راز سمیٹے ہوئے ہے، وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا سکھ رہنما کے قتل کا بھارت پر الزام سنجیدہ نوعیت کا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری نے کہا عالمی برادری کے نزدیک یہ الزام اپنی نوعیت میں انتہائی سنگین ہے، بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کی ماں کہتا ہے، اس کی قلعی کھل چکی ہے، بھارت ایسی ماں بن چکی ہے جو اپنی بھوک مٹانے کے لئے خود ہی اپنے بچوں کو نگل رہی ہے۔ مركزی سیكرٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہا بھارت کا جمہوری تماشا صرف لفظی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں، حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، کینیڈین حکومت کا سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا بھارت پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے دوسرے ملک میں دہشت گرد کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔